اسلام آباد : حکومت نے پیٹرول پر 5 روپے فی لٹر پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی بڑھا دی۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع وزارت پیٹرولیم کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آج سے پیٹرول پر ڈویلپمنٹ لیوی 50 روپے کی بجائے 55 روپے وصول کی جائے گی، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ڈویلپمنٹ لیوی میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، اس طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی 50 روپے فی لیٹر ہی وصول کی جائے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف سے معاہدے کے نتیجے میں بجلی کی قیمتوں اور پیٹرولیم ڈیولمپنٹ لیوی میں اضافے کی تصدیق کی ہے، انہوں نے کہا کہ کچھ چھپانا نہیں چاہتے، کون سا ملک صرف بجلی کی مد میں 1300 ارب کی سبسڈی دیتا ہے؟ بجلی کی قیمتوں میں 3 سے 4 روپے کا اضافہ ہوسکتا ہے جس کا اطلاق جولائی سے ہوگا، اس کے علاوہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں ہر مہینے ڈھائی، ڈھائی روپے بڑھائے جائیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا بھی اعلان کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا ہے، پیٹرول کی پرانی قیمت برقرار رہے گی، تاہم عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کافی اضافہ ہوا ہے اس لیے ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل اگلے 15 روز کے لیے کیا گیا ہے۔