لاہور( این این آئی)چین ،پاکستان انٹرنیشنل انڈسٹریل اکیڈمک انٹیگریشن الائنس کے سیکرٹری جنرل محمد عمار نے کہا ہے کہ چین پاکستان انٹرنیشنل انڈسٹریل اکیڈمک انٹیگریشن الائنس کی تیاری کا کام شروع ہو گیا ہے، اگلے 3 سے 5 سالوں میں ہم پاکستان میں
30,000 سے 50,000 ہنر مند نوجوانوں کو پروان چڑھائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک مباحثے میں کیا ۔مباحثے میںپیشہ ورانہ تعلیم میں چین-پاکستان انٹرنیشنل انڈسٹریل ایجوکیشن انٹیگریشن کوآپریشن کی تلاش پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس مباحثے کا اہتمام چین میں پاکستانی سفارتخانے کی میزبانی میں تانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ نے کیا اور یہ چین-پاکستان ٹی وی ای ٹی تعاون اور ترقی پر ہونے والے سیمینار کا حصہ تھا ۔ انہوں نے مزید کہا یہ نوجوان سی پیک کی تعمیر کی ضروریات کو پورا کریں گے ، اس کے علاوہ الائنس کے تحت چین پاکستان ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ایمپلائمنٹ ریسرچ سینٹر قائم کیا جائے گا اور مستقبل میں پاکستان کے ساتھ ساتھ ایس ای او ممالک میں ہنر مند نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی پیشہ ورانہ مہارت کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن ساجد بلوچ کے مطابق مستقبل میں پاکستان میں خاص طور پر خصوصی اقتصادی زونز اور سی پیک منصوبوں میں اعلی مہارتوں کے ساتھ 10 لاکھ افرادی قوت کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا پیداوار اور برآمدات میں اضافہ کے قومی اہداف کو حاصل کرنے کے لیے ہمارے لیے پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت بہت اہم ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم پاکستان میں افرادی قوت میں سرمایہ کاری کریں۔