لاہور (این این آئی) ریلوے انتظامیہ نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر عوام کی سہولت کے لیے اضافی رش کے پیشِ نظراپ اینڈ ڈائون کی11 عید سپیشل ٹرینیںچلانے کا فیصلہ کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق پہلی چارعید سپیشل ٹرینیں کراچی سٹی سے 7، 8،9 اور 10 مئی 2021 کوروزانہ رات آٹھ بجے کراچی سٹی سے روانہ ہوکر لانڈھی ، نواب شاہ، رحیم یار خان،
بہاولپور، ملتان کینٹ، ساہیوال، اوکاڑہ اور رائیونڈ سے ہوتی ہوئی اگلے روز شام چار بجے لاہور پہنچاکریں گی۔ اسی طرح لاہور سے پانچ عید سپیشل ٹرینیں 7، 8،9 ، 10اور 11 مئی 2021 کولاہور سے روزانہ رات آٹھ بجے روانہ ہوکر رائیونڈ ، اوکاڑہ، ساہیوال،خانیوال، ملتان کینٹ، بہاولپور، خانپور،رحیم یارخان، روہڑی، نواب شاہ، حیدرآباد، لانڈھی اور کراچی کینٹ سے ہوتی اگلے روز شام چار بجے کراچی سٹی پہنچاکریں گی۔جبکہ دسویں عید سپیشل ٹرین کراچی سٹی سے راولپنڈی کے لیے 11 مئی 2021 کو کراچی سٹی سے رات آٹھ بجے روانہ ہوکر کراچی کینٹ، لانڈھی، حیدرآباد، نواب شاہ، روہڑی، رحیم یار خان، خانپور، ملتان کینٹ ، خانیوال ، ساہیوال، اوکاڑہ ، رائیونڈ ، لاہور، گوجرانوالہ، وزیرآباد، گجرات ، لالہ موسیٰ اور جہلم سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات 9 بجکر 45 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔ جبکہ آخری عید سپیشل ٹرین کراچی سٹی سے ملتان کینٹ کے لیے 12 مئی 2021کو کراچی سٹی سے رات آٹھ بجے روانہ ہوکر کراچی کینٹ ، لانڈھی، حیدرآباد، نواب شاہ، روہڑی، رحیم یار خان، خانپور اور بہاولپور سے ہوتی ہوئی اگلے روز دن 11بجکر 15 منٹ پر ملتان کینٹ ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ واضح رہے کہ یہ تمام ٹرینیںبراستہ مین لائن ملتان کے راستے اپنا سفر مکمل کریں گی۔دوسری جانبپاکستان ریلوے کے تمام ریزرویشن دفاتر عید الفطر کے روز مکمل طور پر اورعید کے دوسرے روز بھی صبح آٹھ بجے سے لے کر دوپہر 2 بجے تک بند رہیں گے۔ اس کے بعد اپنے معمول کے اوقات کار کے مطابق کھلے رہیں گے۔