کراچی (این این آئی ) مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں بدھ کو ڈالر کی قدر میں مزید10پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور ایک ڈالر 152.90روپے کی سطح پر آگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روزبینک تعطیل کے باعث بینکوں میں کرنسیوں کی لین دین معطل رہی جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 152.85روپے سے گھٹ کر152.60روپے
اور قیمت فروخت 153روپے سے گھٹ کر152.90روپے ہو گئی۔دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید180روپے سے بڑھ کر181روپے اور قیمت فروخت181.80روپے سے بڑھ کر182.80روپے پر پہنچ گئی جب کہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید208روپے سے بڑھ کر208.50روپے اور قیمت فروخت210روپے سے بڑھ کر210.50روپے پر جا پہنچی۔دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کو فی تولہ سونے کی قیمت500روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 2ہزار500 روپے ہوگئی ۔صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں13ڈالرکے اضافے سے فی اونس سونا1743ڈالر ہو گیا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونامہنگا ہو گیااور ملکی صرافہ مارکیٹو ں میں500روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت 1لاکھ 2ہزار500روپے اور دس گرام سونے کی قیمت429روپے کے اضافے سے87ہزار877روپے ہو گئی۔