لاہور(این این آئی)ہونڈا کی طرف سے موٹرسائیکل کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے محض ایک دن بعد یاماہا نے بھی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔یاماہا کی جانب سے موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں 7 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، قیمتوں میں کیے گئے اس اضافے کے بعد کمپنی کے ماڈل YB125-Z کی قیمت 1
لاکھ 63 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 لاکھ 69 ہزار روپے کردی گئی ہے، جبکہ YB125-ZDX کی قیمت 1 لاکھ 75 ہزار 500 روپے سے بڑھاکر 1 لاکھ 82 ہزار 500 روپے کی گئی ہے۔کمپنی کے ایک اور ماڈل YBR-125G کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد 1لاکھ 90ہزار کی بجائے اب 1 لاکھ 97ہزار روپے ہوگی، تاہم کمپنی نے قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی وضاحت کے لئے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ یاد رہے کہ اٹلس ہونڈا کی موٹر سائیکلوں کی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم اپریل سے ہو چکا ہے،سی ڈی 70، سی بی 150 ایف سمیت دیگر کی قیمت میں 2 ہزار روپے تک اضافہ ہو گیا ہے،کمپنی اس سے قبل رواں سال جنوری میں 3 ہزار اور فروری میں 3400 روپے تک اضافہ کرچکی ہے۔اٹلس ہونڈا کی سی بی 150 ایف 2 ہزار روپے اضافے سے 2 لاکھ 52 ہزار 900 روپے،سی ڈی 70 کی قیمت ایک ہزار روپے اضافے سے 82 ہزار 900 روپے ہوگئی ہے۔ہونڈا کمپنی نے سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت ایک ہزار روپے بڑھا کر 88 ہزار 900، پرائیڈر 100 سی سی کے نرخ ایک ہزار روپے اضافے سے ایک لاکھ 14 ہزار 500 مقرر کر دی ہے۔اٹلس ہونڈا نے سی جی 125، سی جی 125 ایس ایس ای اور سی بی 125 ایف ایس ای کی قیمتوں میں بھی 1600 روپے اضافہ کردیا ہے جس کے بعد ان کے نرخ بالترتیب ایک لاکھ 36 ہزار 50، ایک لاکھ 64 ہزار 500 اور ایک لاکھ 97 ہزار 500 روپے ہوگئے ہیں۔