اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان میں ایک اور آٹو موبائل کمپنی اپنی گاڑیاں جلد متعارف کرانے جا رہی ہے، سوشل میڈیا پر چینی آٹوموبائل کمپنی چیری کی پاکستان آمد کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، چیری کمپنی نے بھی فیس بک پوسٹ کے ذریعے پاکستان میں جلد گاڑیاں لانچ کرنے کی تصدیق کر دی ہے، واضح رہے کہ پاکستان کی کمپنی گندھارا نسان نے حال ہی میں گاڑیاں بنانے والی چینی کمپنی چیری آٹوموبائل کمپنی لمیٹڈ سے بات چیت کی ہے، چیری کمپنی کی جانب
سے پاکستان میں پہلی گاڑی جو لانچ کی جائے گی اس کا نام سامنے آیا ہے، کمپنی ٹگگو 8 متعارف کرائے گی جو ایک درمیانے درجے کے کراس اوور ایس یو وی ہے۔اس کا ٹویوٹا فارچیونر اور کیا سورنٹو سے مقابلے کا امکان ہے۔ نسان نے چینی کمپنی کی شراکت میں پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کا منصوبہ بنایا ہے، نسان کمپنی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگلے تین سالوں میں پاکستان میں ای وی تیار کرنے اور لانچ کرنے کے لئے ایک نیا پلانٹ لگایا جائے گا۔