اسلام آباد (این این آئی) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پہلی بار پاکستانی روپے میں بانڈ جاری کر دیئے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق قراقرم بانڈ سے ایک ارب 83 کروڑ روپے حاصل کیے گئے ہیں،قراقرم بانڈ عالمی مارکیٹ میں فروخت کیا گیا،بانڈ کو
عالمی اسٹاک ایکسچینج پر لسٹ کیا جائے گا۔ اعلامیہ کے مطابق قراقرم بانڈ کی چھ ماہ کی شرح منافع 7.5 فیصد ہوگی،بانڈ اگست 2023 میں میچور ہو گا،قراقرم بانڈ یورپی سرمایہ کاروں نے خریدے ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق بانڈ سے حاصل ہونے والی رقم ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاس رہے گی،بینک مستقبل میں پاکستان کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے امریکی ڈالر کے علاؤہ مقامی کرنسی میں بھی قرض کی سہولت دے گا،ایشیائی ترقیاتی بینک کے مقامی کرنسی میں قرض سے نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھے گی۔ مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے قراقرم بانڈ کا اجراء خوش آئند ہے۔انہوں نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ اس سے پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی۔