کرا چی(این این آئی) ملکی ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت کے جدید سیلف چیک اِن سسٹم کو ایک سال ہو گیا جو تاحال غیر فعال ہے۔تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک سال قبل جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سمیت ملک کے 6 ایئر پورٹس پر 15 سے زائد جدید مشینیں مسافروں کی سہولت کے لیے نصب کی تھیں۔تاہم ایئر لائنز کی جانب سے جدید سیلف چیک اِن سسٹم پر
اپنا سافٹ ویئر انسٹال نہیں کیا جا سکا ہے، سافٹ ویئر انسٹال نہ ہونے کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس ضمن میںکراچی ایئر پورٹ کے منیجر نے بتایاکہ تمام ایئر لائنوں کو متعدد بار خطوط لکھے جا چکے ہیں کہ وہ اپنے سافٹ ویئر کو اپ گریڈ کر لیں، صرف پی آئی اے نے سیلف چیک اِن سسٹم پر اپنا سافٹ ویئر انسٹال کر نے کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ جدید مشینوں کے نصب ہونے سے مسافر اپنا بورڈنگ پاس خود کار طریقے سے حاصل کر سکیں گے۔سی اے اے کے مطابق جدید چیک ان سسٹم سے ہینڈ کیری بیگجز والے مسافروں کو یہ سہولت میسر ہوگی، یہ سسٹم فعال ہو نے سے سی اے اے کو زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔یاد رہے کہ جولائی میں ایئر پورٹ پر چیک ان اور بورڈنگ سسٹم کو آپریٹ کرنے والی کنٹریکٹر کمپنی کو وارننگ بھی دی گئی تھی کہ فوری طور پر سسٹم کو فعال کرے۔ سی اے اے کی جانب سے یہ سسٹم گزشتہ برس نومبر میں متعارف کرایا گیا تھا، اور کراچی، اسلام آباد ایئرپورٹس سمیت چھ ایئرپورٹس پر اس کی مشینیں نصب کی گئی تھیں، اور ایئرلائنز کو CUPPS سسٹم کو استعمال کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔جن ایئرپورٹس پر مشینیں نصب کی گئی تھیں ان میں کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، ملتان اور فیصل آباد کے ایئرپورٹس شامل تھے۔