کراچی(این این آئی)ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد قومی ایئر لائن پی آئی اے نے ملازمین کے لیے نئی ایس او پیز جاری کر دی ہیں ، نئے ایس او پیز کے تحت دفتری اوقات میں فیس ماسک کا استعمال لازمی، ہاتھ ملانے اور گلے ملنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ترجمان پی آئی اے کے
مطابق ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد پی آئی اے نے ملازمین کے لیے نئی ایس اوپیز جاری کی ہیں۔نئے ایس اوپیز کے تحت تمام متعلقہ محکموں اور افسران کو سختی سے عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جن میں دفتری اوقات میں فیس ماسک کا استعمال لازمی، ہاتھ ملانے اور گلے ملنے پر بھی پابندی برقرار ہے، کھانسی، بخار اور زکام والے افراد سے دور رہنے، کسی بھی ملازم کو بخار، کھانسی یا نزلہ پر فوری چھٹی یا آئیسولیٹ کیا جائیگا۔پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق آفیشل اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کیا جائے گا، جبکہ اہم اجلاس میں تین فٹ کا فاصلہ رکھا جائیگا اور اہم امور کی منظوری ای میلز، ای آر پی سسٹم کے تحت کی جائے گی۔