کراچی، اسلام آباد(این این آئی)پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں اشیاء خورونوش کی قیمتیں آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔کراچی کی سبزی منڈی میں سبزی اور پھلوں کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ ٹماٹرکی قیمت180 سے 185 روپے کلوتک پہنچ گئی ہے۔
پیازکی فی کلو قیمت 80روپے، آلو50، مٹر400، بینگن120، ادرک720 اور سیب150 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ہری دھنیااور پودینے کی ایک گڈی20 روپے اور کیلے160روپے درجن فروخت کیے جا رہے ہیں۔دکانداروں کے مطابق سرکاری نرخ نامے پرعمل کرنا ممکن نہیں ہے۔ سبزی منڈی کے آڑھتیوں نے قیمت میں اضافہ کیا ہے۔ دکانداروں نے کہاکہ کمشنر کراچی بڑے آڑھتیوں سے بازپرس کریں توقیمتیں کنٹرول ہوسکتی ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روزوزیراعظم عمران خان نے یہ اعلان کیا تھا کہ کل یعنی پیر سے حکومت اشیائے خورونوش کی قیمتیں نیچے لانے کیلئے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائے گی۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم پہلے ہی یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا ملک میں اشیائے خورونوش کی واقعی میں قلت ہے یا پھر یہ مافیاز کی جانب سے ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کی وجہ سے ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا ملک میں مہنگائی بین الاقوامی منڈی میں دالوں اور پام آئل کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے تو نہیں ہے۔