اسلام آباد (این این آئی)اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے نجی شعبے کو گندم درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔اسلام آباد میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ حفیظ شیخ اجلاس زیر صدارت ہوا۔ای سی سی کے اجلاس میں ملکی اقتصادی امور اور معاشی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں گندم کی قیمتوں میں استحکام کے لیے
اقدامات پر غور کیا گیا جبکہ ای سی سی نے نجی شعبے کو گندم درآمد کرنے کی اجازت دے ہے۔اجلاس میں ملک میں گندم، آٹے کی قیمتوں میں کمی کے اقدامات کی منظوری دی گئی ۔ ای سی سی کو بتایاگیاکہ نجی شعبے نے 25 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، عالمی منڈی میں آئندہ 2 ماہ میں گندم کی قیمتیں کم ہوں گی۔ ای سی سی نے ملک میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اقدامات کی منظوری دیتے ہوئے قیمتوں پر کنٹرول کیلئے نجی شعبہ کو گندم کی درآمد کی اجازت دیدی ،نجی شعبے کیلئے گندم کی درآمد کیلئے کوئی حد نہیں ہوگی۔ای سی سی کے مطابق صوبائی حکومتوں کو فوری طور پر گندم کی ریلیز کی پالیسی کے اعلان کا کہا جائے گا، پنجاب آئندہ 2 ماہ کے دوران صوبے کی فلور ملز کو 9 لاکھ ٹن گندم فراہم کرے گا،پاسکو کے پی اور بلوچستان کی گندم کی ضروریات کا جائزہ لے گا، پنجاب سے کے پی اور بلوچستان کیلئے گندم کی فراہمی کو آسان بنایا جائے گا،سی ڈی اے کو میٹرو کی ادائیگیوں کی مد میں ڈھائی ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی گئی ،شہداء کے اہل خانہ کو ادائیگی کیلئے 20کروڑ کی گرانٹ کی سمری اور دارالحکومت پولیس کے شہداء کے اہلخانہ کو 3.6کروڑ کی فراہمی کی سمری منظور کرلی گئی ۔اجلاس کے دور ان دارالحکومت پولیس کے 10.5کروڑ کے واجابات کی ادائیگی کی سمری بھی منظورکرلی گئی ،وزارت دفاع کی آئی ایس آئی کو 45 ایکڑ اراضی کی الاٹمنٹ کی سمری منظور کرلی گئی ،یہ اراضی 2250 روپے فی مربع گز کے ریٹ پر 49 کروڑ میں فراہم کی جائے گی، صحت کے شعبہ کے لئے آکسیجن اور سلنڈرز پر ٹیکس چھوٹ دینے کی منظوری دے دی گئی ،آکسیجن سلنڈر کی قیمتوں میں کنٹرول کے لیے 3 ماہ تک مراعات دینے کی منظوری دے دی گئی ۔