اسلام آباد(این این آئی)رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں جاری کھاتوں کے خسارے میں 71 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اپریل میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 48.24 فیصد کم ہوگیا،جولائی تا اپریل کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 8 ارب 10 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز کم ہوا۔مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 53 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کی کمی ہوئی، جولائی تا اپریل
کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 3 ارب 34 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہا، گذشتہ سال اسی عرصے میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 11 ارب 44 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز تھا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق اپریل 2020 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 57 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز رہا، اپریل 2019 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 1 ارب 10 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تھا۔خیال رہے کہ جب کسی ملک کی درآمدات زیادہ اور برآمدات کم ہوں تو وہ ملک کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا شکار ہوتا ہے۔