لاہور( این این آئی)ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر پاور و پٹرولیم عمر ایوب خان یا ان کے زیر کفالت کسی بھی فرد کا کسی بھی انڈپنڈنٹ پاور پلانٹ میں کوئی شیئر ہولڈنگ نہیں۔ اپنے بیان میں ترجمان نے کہا کہ عمر ایوب خان کے تمام جائیداد اور دیگر کاروباری معاملات کے بارے جامع گوشوارے پہلے سے ہی الیکشن کمیشن میں جمع ہیں
،کوئی بھی ان سے متضاد دعویٰ یا بیان بالکل بے بنیاد اور کسی بھی حقیقت کے بغیر ہوگا۔ ترجمان پاور ڈویژن نے کہا کہ بعض اینکرز نے بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے غلط دعوے کئے ہیں جو کہ سراسر غلط ہیں،اگر کسی بھی میڈیا چینل اور فرد نے بغیر ٹھوس ثبوت بے بنیاد الزامات لگائے تو عمر ایوب خان اس فرد یا میڈیا چینل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔