اسلام آباد (آن لائن ) حکومت کی ناقص پالیسی کی وجہ سے ملک کے مختلف حصوں میں ڈیزل کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ پی ایس او نے بلیک میں ڈیزل فروخت کرنا شروع کردیا ہے۔ ذرائع کا کہناہے کہ پی ایس او کے علاؤہ کسی تیل کمپنی کے پاس ڈیزل دستیاب نہیں ہے اور پی ایس او نے پانچ ہزار لیٹر ڈیزل کے بدلے پندرہ ہزار لیٹر پیٹرول خریدنے کی شرط رکھ دی ہے ۔ماچھی کے
ٹرمینل شیخوپورہ پر پی ایس او کے افسران ڈیزل بلیک میں فروخت کرنے لگے ہیں اور مٹھی گرم۔کرنے پر ہی ڈیزل دیا جاتا ہے جبکہ اٹک ائل،باقری،شیل کے پاس بھی ڈیزل موجود نہیں ہے دوسری طرف پارکو ریفائنری شٹ ڈاؤن ہونے سے بھی ڈیزل کی قلت پیدا ہوئی۔پیڑول پمپ مالکان کا موقف ہے کہ سب کو معلوم تھا کہ گندم کی کٹائی اور صفائی کے دوران ڈیزل زیادہ استعمال ہوتا ہے اور ٹریکٹرز چلتے ہی ڈیزل پر ہیں مگر اس کے باوجود حکومت نے بر وقت ڈیزل درآمد نہیں کیا اور کھپت بڑھ گئی پیٹرول پمپ مالکان ڈیزل نہ ملنے پر شدید پریشان ہیں کیونکہ محمود کوٹ سمیت جہاں جہاں بھی ٹرمینل ہیں وہان ڈیزل نہیں ہے اور پنجاب کے کئی ڈپوز خشک ہوگیے صرف پی ایس او ڈیزل فروخت کر رہا ہے اور اس کو بھی بلیک میں شرائط کے ساتھ فروخت کیا جارہا ہے پیٹرول پمپس مالکان نے فوری طور پر حکومت سے ڈیزل درآمد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔