اسلام آباد (این این آئی) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے انشورنس سیکٹر میں ڈیجٹلائزیشن کے فروغ اور غلط بیانی سے انشورنس پالیسیوں کی فروخت کی روک تھام کیلئے کارپوریٹ انشورنس ایجنٹوں، بشمول بنکا انشورنس کو ریگولیٹ کرنے کے لئے نئے ریگولیشنز عوامی رائے عامہ کے لئے جاری کر دیئے ہیں۔ مجوزہ ریگولیشنز میں انشورنس پالیسی کی فروخت کے طریقہ کار کو
مزید مستحکم اور منظم بنایا گیا ہے اور صارف کو پالیسی کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انشورنس پالیسی کے خریدار کو پالیسی خریدنے کے بعد تصدیق کے لئے کی جانے والی ٹیلی فون کال کا طریقہ کار اور فون پر پوچھی جانے اور فراہم کی جانے والی معلومات کی تفصیل بھی ریگولیشنز میں شامل کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پالیسی ہولڈر کو اس کی خواہش کے مطابق پالیسی کے دستاویزات اردو یا انگریزی زبان میں فراہم کئے جائیں گے۔ مجوزہ ریگولیشنز میں انشورنس ایجنٹوں کے کمیشن کا طریقہ کار بھی متعین کر دیا گیا ہے۔ مجوزہ ریگولیشنز ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر فراہم کر دئے گئے ہیں۔ عوام اور شراکت دار تیس دن کے اند ر کمیشن کو اپنی تجاویز و آراء سے آگاہ کر سکتے ہیں۔ موصول ہونے والی آراء و تجاویز کے نتیجے میں ان ریگولیشنز کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔