اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر درزی کی دکان کھلتی ہے تو پھر ٹیکسٹائل کے یونٹس بھی کھلنے چاہئیں ،34 ٹرینیں سفر کے لئے تیار کھڑی ہیں تاہم ہمیں لاک ڈائون میں نرمی کا انتظارہے ۔ ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت حکومت شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔
ہم کورونا کے خلاف جنگ جیت جائیں گے۔ انہوں نے کہا لاک ڈائون سے متاثرہ لوگوں کی مددکرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں مصنوعات سازی کے ایسے یونٹس کھولے جائیں جن کی تیارکردہ اشیاء دوبارہ کھلنے والی دکانوں میں فروخت ہوسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے دکاندار قرضوں کے بوجھ میں ہیں جن کی اپنی کوئی دکان نہیں اور وہ ادھار لے کر گزارا کر رہے ہیں شیخ رشید احمدنے کہاکہ اگر درزی کی دکان کھلتی ہے تو پھر ٹیکسٹائل کے یونٹس بھی کھلنے چاہیں کیونکہ انہیں بھی مالی نقصان پہنچ رہا ہے ۔.انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کو صر ف کورونا کا مسئلہ ہے جبکہ پاکستان کو اپنے معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ عالمی وباء کا بھی خاتمہ کرناہے ۔ایک سوال پر وزیر ریلویز نے کہا کہ 34 ٹرینیں سفر کے لئے تیار کھڑی ہیں تاہم ہمیں لاک ڈائون میں نرمی کا انتظارہے ۔