اسلام آباد(آن لائن) پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ کا سلسلہ جاری، ڈالر کی قیمت 8 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی، جمعہ کے روز اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک میں امریکی ڈالر بالترتیب 20 پیسے اور 22 پیسے سستا ہو کر 154 روپے 40 پیسے کا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں مسلسل اضافے اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل اضافہ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
کاروباری ہفتے کے پانچویں روز بھی یہ سلسلہ جاری رہا اور پاکستانی روپے نے ایک ہی دن میں بڑی چھلانگ لگائی۔ جمعہ کے روز پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں 20 سے 22 پیسے تک کی کمی ہوئی، جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 8 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی۔اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک میں امریکی ڈالر بالترتیب 20 پیسے اور 22 پیسے سستا ہوا۔انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 22 پیسے سستا ہو گیا جس کے بعد روپے کے مقابلے امریکی کرنسی کی نئی قیمت 154 روپے 14 پیسے ہو گئی۔ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 20 پیسے سستا ہو گیا جس کے بعد روپے کے مقابلے میں ایک امریکی ڈالر 154 روپے 40 پیسے کی سطح پر آگیا۔ ایک جانب پاکستانی روپے کی قدر 8 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، تو دوسری جانب پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔اسٹیٹ بینک کے ذخائر 12 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گئے ہیں جبکہ پاکستان کے کل زرمبادلہ ذخائر 19 ارب ڈالرز کی سطح کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے زرمبادلہ ذخائر میں اضافے اور ڈالر کی قیمت میں کمی سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آنے شروع ہو جائے گی۔ امکان ہے کہ اگلے 6 ماہ کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آئے گی۔