بیجنگ( آن لائن )چین نے کہا ہے کہ وہ اپنی مصنوعات کی برآمد پر امریکی محصولات کے نفاذ کا اسی انداز میں جواب دے گا۔حکمران جماعت کیمونسٹ پارٹی کے روزنامے پیپلز ڈیلی میں شائع ہونے والے ایک مضمون کے مطابق چین کا کہنا ہے کہ امریکا چینی مصنوعات کی درآمد پر محصولات میں مسلسل اضافہ
کرکے باہمی تجارتی کشیدگی میں اضافہ کررہا ہے، اس کے چینی مصنوعات کی درآمد پر محصول بڑھانے کے حالیہ اقدام کا بھی بھرپور انداز میں جواب دیا جائے گا۔اخبار کا کہنا ہے کہ چین اپنے امور میں مکمل طور پر پراعتماد ہے اور انھیں اسی انداز میں سرانجام دیا رہے گا، اس کے ساتھ ساتھ امریکہ کی جانب سے کسی بھی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔اخبار نے لکھا ہے کہ امریکی سیاستدان چین کی حالیہ کامیابیوں اور اقتصادی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنا چاہتے ہیں اور وہ اس حوالے سے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں لیکن امریکہ اپنے کسانوں اور کاروباری اداروں کی حالت زار کے باعث یہ تجارتی جنگ جیت نہیں سکتا۔یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز چینی مصنوعات کی درآمد پر مزید 5 فیصد ڈیوٹی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد چین نے بھی 75 ارب ڈالر مالیت کی امریکی مصنوعات کی درآمد پر ڈیوٹی کا اعلان کردیا۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی جنگ کے باعث عالمی اقتصادی شرح نمو شدید متاثر ہورہی ہے۔