لاہور( این این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران نے فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کی جانب سے فکسڈ ٹیکس اور شناختی کارڈ کی شرط کے حوالے سے تاجروں کے تحفظات کا جائزہ لینے اور مثبت پیشرفت کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروبار دوست ماحول کو
فروغ دئیے بغیر معیشت کی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا ، کسی بھی نئی پالیسی کے نفاذ سے قبل اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کو یقینی بنایا جانا چاہیے ،بھارت کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور فیصلے کے مطابق مارکیٹوں میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم چلائی جائے گی ۔ ا ن خیالات کا اظہار مرکزی صدر اشرف بھٹی نے اپنے دفتر میں مختلف مارکیٹوں کے تاجر رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ مختلف ٹیکسز کے نفاذ کی وجہ سے تاجروں پر پہلے ہی بہت زیادہ بوجھ ہے اور فکسڈ ٹیکس کے پیش کیا جانے والے مسودے پر عملدرآمد سے تاجروں کے کاروبار کو تالے لگنے کی نوبت آجا ناتھی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی تعداد اور اسے اکٹھا کرنے کانظام انتہائی پیچیدہ اور گھمبیر ہے جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہوتے ہیں ۔ حکومت مرحلہ وار ٹیکسوں کی شرح کو کم کر کے ان کی تعداد کو بھی کم کرے اور اس کی وصولی کا طریق کار بھی سہل بنایا جائے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجروں نے کبھی بھی ٹیکس دینے سے انکار نہیں کیا لیکن ہمارا ہمیشہ یہی مطالبہ ہوتا ہے کہ کسی بھی نئی پالیسی کے نفاذ سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر تنظیموں نے فکسڈ ٹیکس کے معاملے پر حکومت سے بڑے دل سے مذاکرات کئے ہیں اور حکومت نے ہمارے تحفظات سن کر مثبت پیشرفت کی یقین دہانی کرائی ہے جو انتہائی خوش آئند ہے اور امید ہے کہ اس میں درمیانہ راستہ نکل آئے گا جس سے معیشت بھی ترقی کر یگی ۔