کراچی (این این آئی)قومی معیشت کا برا حال ہے، صورتحال قابو میں نہیں آ رہی، کاروباری ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ کے انڈیکس میں 3 اعشاریہ 6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، ڈالر کی قیمت 160 روپے سے تجاوز کرگئی۔ایک ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان رہا، مارکیٹ 1213 پوائنٹس کمی کے بعد 32 ہزار 458 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی جس کے باعث سرمایا کاروں کے 230 ارب روپے ڈوب گئے، حصص کی کم مالیت کا فارن انویسٹرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور 64 لاکھ ڈالر
مالیت کے شیئرز خریدے۔ سٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں اضافے اور عالمی عدالت میں رکو ڈک کے فیصلے کے اثرات سٹاک مارکیٹ پر نظر آئے۔دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران انٹربینک میں ڈالر 1 روپے 40 پیسے اضافے سے 160 روپے 19 پیسے میں بند جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 95 پیسے اضافے سے 160 روپے 70 پیسے میں فروخت ہوئی۔ کرنسی ڈیلرز کے مطابق ڈالر کے طلب بڑھ جانے کے باعث اس کی قیمت میں اضافہ ہوا۔