اسلام آباد (سی پی پی)سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن( ایس ای سی پی) نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ گیلکسی ٹائپنگ جابز نامی کمپنی میں کسی قسم کی سرمایہ کاری نہ کریں مذکورہ کمپنی غیر قانونی طور پر فنڈز یا سرمایہ کاری وصول کرنے میں ملوث پائی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن( ایس ای سی پی)نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ ادارے کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ گیلکسی ٹائپنگ جابز (سنگل ممبر پرائیویٹ لمیٹڈ)نامی کمپنی اپنی ویب سائٹ پر مختلف سرمایہ کاروں کی اسکیموں کو متعارف کروا کرعوام سے غیر قانونی طور پر ڈیپازٹ اکھٹا کرنے میں ملوث ہے۔یہ کمپنی بھاری منافع اور فوائد کا لالچ دے کر عوام کو سرمایہ کاری کرنے پر راغب کرتی ہے، اس کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر یہ دعویٰ کر رکھا ہے کہ یہ کمپنی ایس ای سی پی کی منظور شدہ ہے۔اس بات کی وضاحت کی جاتی ہے کہ کسی کمپنی کی ایس ای سی پی سے رجسٹریشن کا قطعاً یہ مطلب نہیں کہ کمپنی کو عوام سے فنڈز اکٹھا کرنے کی اجازت ہے یا اس کی تمام سرگرمیاں قانونی ہیں۔اس سے پہلے بھی ایس ای سی پی پریس ریلیز اور اشتہارات کے ذریعے عوام کو آگاہ کرچکا ہے کہ اس کمپنی کو عوام سے فنڈز اکٹھا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ایسی تمام اسکیمیں جن میں عوام سے بغیر اجازت اور منظوری کے فنڈز اکٹھے کئے جاتے ہیں، غیر قانونی ہیں، ایس ای سی پی کی جانب سے اس کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، عوام کو ایک بار پھر انتباہ کیا جاتا ہے کہ اس قسم کی اسکیموں سے گمراہ نہ ہوں۔