لاہور( این این آئی )ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں دبئی سے اثاثے ظاہر کرنے والوں کی تعداد سب سے زیاد ہ ہے ،16لاکھ سے زائد افراد نے ایف بی آر کی ویب سائٹ سے رجوع کیا۔ نجی ٹی وی نے ایف بی آر کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ یومیہ 56ہزار افراد نے ایف بی آرکی ویب سائٹ کا وزٹ کررہے ہیں تاہم 20جون کے بعد اس تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ۔پاکستان کے علاوہ مختلف ملکوں سے ٹریفک ویب سائٹ پر آرہا ہے جس میں امریکہ پہلے، متحدہ عرب امارات دوسرے اور سعودی عرب تیسرے نمبر پر ہے۔ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے پاکستانیوں نے دبئی کی جائیدادوں کوبڑے
پیمانے پر ظاہر کیا، ٹیکس ایمنسٹی میں دبئی سے اثاثے ظاہر کرنے والے سب سے آگے ہیں۔یاد رہے چند روز قبل متحد ہ عرب امارات کے جریدے خلیج ٹائمز نے دعویٰ کیا تھا کہ ایمنسٹی سکیم سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 10 کھرب کے بیرونی اثاثے قانونی بنالئے ہیں ۔ سب سے زیادہ یو اے ای میں موجود اثاثے قانونی بنائے گئے اور یو اے ای میں موجود 346 ارب کے اثاثے سفید کیے گئے۔عرب اخبار نے کہا تھا کہ یو اے ای کے بعد سب سے زیادہ اثاثے سوئزر لینڈ میں بنائے گئے، تیسرے نمبر پر برطانیہ اور چوتھے نمبر پر سنگاپور جبکہ پانچواں نمبر پربرٹش ورجن آئی لینڈز میں اثاثے بنائے گئے۔