اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر برائی پاور اور پیٹرولیم عمر ایوب خان نے ملک میں بجلی تقسیم کار نظام میں ویلنگ اور بجلی کی پرائیویٹ مارکیٹ کے قیام کی نوید سنادی۔ پرائیویٹ بجلی کی مارکیٹ سے بجلی کے صارفین اور بجلی بنانے والے دونوں ہی مستفید ہو سکیں گے اس ضمن میں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ
ترقی یافتہ ممالک میں اس طرح کی مارکیٹ پہلے سے کام کررہیں ہیں۔ صارف کی مرضی ہوتی ہے کہ اپنی طے شْدہ ریٹ پر کسی بھی بجلی بنانے والے سے بجلی خرید سکتے ہیں۔ پاکستان میں موجودہ بجلی تقسیم کار نظام ِ حکومت کی ملکیت ہے اس کو ویلنگ کیلئے دستیاب کرنے سے بجلی کی مارکیٹ کو قائم کرنے میں اہم سنگِ میل طے کرلی جائے گی۔وفاقی وزیر برائے پاور نے جاپان کے سفیر کونینوری متسودا کے ساتھ ملاقات میں پاکستان میں انرجی مارکیٹ اور ویلنگ سے متعلق آگاہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے درمیان موجودہ تعلقات اور خاص طور پر انرجی سیکٹر میں تعاون پر اطمینان کا اظہارکیا گیا۔ ملاقات میں موجودہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔ وفاقی وزیر جناب عمر ایوب خان نے جاپان کے سفیر کو پاکستان کے انرجی سیکٹر سے متعلق آگاہ کیا۔