لاہور(این این آئی) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب ) کے چیئرمین حبیب الرحمن خان لغار ی نے کہا ہے کہ عید کے بعد 20 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی قیمت میں5 روپے اضافہ کر دیا جائے گا۔ گزشتہ روز پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے
انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات میں بھی کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد موجودہ نرخوں پر 20کلو گرام آٹے کا تھیلا فروخت نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں ہر چیز بجلی گیس اور پٹرولیم کی قیمتوں کے ساتھ جڑی ہوئی ہے ،لہذا مارکیٹ میکنیزم کے مطابق جب پٹرولیم ،گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ان سے جڑی ہوئی تمام دیگر اشیاء کے اخراجات پر دباؤ بڑھ جاتا ہے ۔ پوری دنیا میں پٹرولیم کی قیمتیں کم ہوئی ہیں جبکہ ہمارے ملک میں حکومت کو ریونیو خسارہ کا سامنا ہے جس کی وجہ سے وہ پٹرولیم گیس اور بجلی کی قیمتوں کو بڑھا کر اپنے حکومتی معاملات کو چلا رہی ہے ۔ ان اقدامات سے حکومت کو تو ریونیو حاصل ہو رہا ہے تاہم دیگر انڈسٹری کی پیداواری لاگت بھی بڑھ گئی ہے ، پٹرولیم کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافے کی وجہ سے فلور ملنگ انڈسٹری بھی متاثر ہوئی ہے اور ہمارے ٹرانسپورٹیشن کی مد میں ہونے والے اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے ، جس کی وجہ سے 20کلو گرام آٹے کے فی تھیلے کی قیمتوں میں 5 روپے اضافہ کرنے پر مجبور ہیں۔