کراچی(این این آئی)پاکستان میں ڈائیز، کیمیکلز اینڈ الائیڈ انڈسٹری کی ایک بڑی اور انفرادی دو روزہ چوتھی کلر اینڈ کیم ایکسپو 15 جون سے لاہور انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر میں شروع ہو گی جس میں چین، بھارت، تائیوان،تھائی لینڈ، جرمنی، ترکی، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ سے 200 سے زائدغیر ملکی
اور مقامی کمپنیاں شریک ہوں گی۔ یہ ایکسپو ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ ، رینبو ڈائی ٹیکاورعالمی پارٹنرزایشیاڈائی اسٹف انڈسٹری ایسوسی ایشن (سی ڈی آئی اے)،چائنا ڈائی اسٹف انڈسٹری ایسوسی ایشن اوربی ایل جی ای ایکسپو شنگھائی کمپنی لمیٹڈ کے اشتراک سے منعقد کیا جارہا ہے۔کلر اینڈ کیمیکل کے ساتھ ڈیجیٹل ٹیکسٹائل پرنٹنگ انڈسٹری ایکسپو بھی منعقد ہو گا۔ایونٹ کے لیے منتظمین کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پنجاب ڈائیز اینڈ کیمیکلز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی ڈی سی ایم اے) کا تعاون بھی حاصل ہے۔یہ نمائش پہلے9 اور 10 مارچ کو ہونی تھی تاہم بھارت کے ساتھ سرحدوں پرکشیدگی اور بین الاقوامی پروازوں کی بندش کے باعث منتظمین کو اسے 15 اور 16 جون تک مؤخر کرنا پڑا تھا۔ منگل کو جاری ہونے والے ایک بیان میں ایکسپو کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈائریکٹر ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل راشد الحق نے کہا کہ ماضی کی چار کامیاب نمائشوں کی طرح اس دوروزہ ایونٹ میں بھی ٹیکسٹائل انڈسٹری اسٹیک ہولڈرز، اہم پروفیشنلز، پالیسی سازوں، بزنس لیڈرز، ٹیکسٹائل کیمیکلز، ڈائیز و ڈائیز انٹرمیڈیریز کے اہم حکام، ڈیجیٹل پرنٹنگ، ٹیکسٹائل پرنٹنگ و اسکرین پرنٹنگ آلات و مشینری، پینٹس و کوٹنگ، فارماسوٹیکلز، فوڈ کیمیکلز، ایگروکیمیکلز و فرٹیلائزرز، پیٹروکیمیکلز، سوپ و ڈیٹرجنٹس، لیدر کیمیکلز، واٹر ٹریٹمنٹ کیمیکلز اور دیگر متعلقہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کلر اینڈ کیم ایکسپو خطے کا ایک بڑا ڈائیز اور کیمیکل انڈسٹریل شو بن گیا ہے۔ راشد الحق نے بتایا کہ ایکسپو میں سنجیدہ مزاج خریدو فروخت کنندگان، سرکاری و نجی شعبوں کے مختلف محکموں کے سربراہان، کیمیکل انجینئرز، عام افراد اور طالب علم بھی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔