لاہور(این این آئی)لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ بین الاقوامی تجارتی مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی صلاحیت میں اضافے کا مطلب زیادہ زرمبادلہ کا حصول ہے ، اگر کاروباری آسانیوں والے ممالک کی عالمی درجہ بندی میںپاکستان کی حیثیت مستحکم ہو تو پاکستانی کاروباری برادری عالمی معاشی
مواقعوں تک زیادہ بہتر رسائی حاصل کر سکے گی ۔ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کاروباری آسانیوں کے حوالے سے درجہ بندی میں بہتری سے غیر ملکی سرمایہ کاری ، مقامی کاروبار ، روزگار کے نئے مواقع اور ریاست کے لئے محصولات پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کئی اچھے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، حکومت نے شبر زیدی جیسے اعلی بصیر ت کے مالک شخص کو چیئر مین ایف بی آر مقرر کرکے اچھا فیصلہ کیا، انہوں نے فوری طور پر ایف بی آر حکام کو بغیر اجازت کے کاروباری مراکز میں چھاپوں اور بینک اکائونٹس تک رسائی سے روکا جس سے کاروبار دوست ماحول پیدا ہوگا، اگر دیگر ادارے بھی اسی طرح کام کریں تو ملک بآسانی کاروباری آسانی والی عالمی درجہ بندی میں نمایاں پوزیشن حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی میں کاروبار کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کیونکہ کاروبار ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کو روزگار کی فراہمی ،حکومت کیلئے ریاست کے معاملات چلانے کیلئے محصولات کی فراہمی اور غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری ،جو روزگار کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی بھی ملک میں لاتی ہیں ، میں اضافے کا بنیادی ذریعہ ہیں۔لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس 2015سے کاروباری آسانی کے حوالے سے سرگرم عمل ہے اور اس حوالے سے اقدامات اٹھاتا رہے گا۔