لاہور(این این آئی)صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے اوپن مارکیٹ میں ڈالر اوپن مارکیٹ میں 152 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچنے اور شرح سود میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے معیشت مزید مشکلات کا شکار ہو گی ،شرح سود بڑھنے سے صنعتی شعبہ متاثر ہوگا کیونکہ صنعتی شعبہ کیلئے حاصل کیے گئے قرضوں کے سود میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس سے نئی سرمایہ کاری متاثر ہوگی ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈالر
بڑھنے سے بیرونی قرضوں میں 800ارب سے زائد اضافہ ہوگا جبکہ شرح سود بڑھنے سے مقامی قرضوں کے سود کی مد میں300ارب سے زائد کا اضافہ ہوگا ۔ڈالر بڑھنے سے صنعتی شعبہ میں استعمال ہونے والے درآمدی خام مال کی قیمت میں اضافہ ہوگا اور صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ سے ملک میں ہوشربا مہنگائی جنم لے رہی ہے اس لیے حکومت روپے کی قدر میں اضافہ اور ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرنے کے فوری اقدامات اٹھائے نیز شرح سود میں اضافہ کے فیصلہ کو واپس لیا جائے۔