کراچی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کی طرف سے مقامی کرنسی کی 30فیصد سے زائد کمی کے باوجود تجارتی خسارے میں خاطر خواہ کمی نہیں لائی جاسکی ۔ رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ کے دوران درآمدات میں 8فیصد کمی ہوئی جبکہ برآمد ات میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ (جولائی، اپریل)کے دوران درآمدات 45.33ارب ڈالر جبکہ برآمدات 19.17ارب ڈالر رہیں، اس طرح تجارتی خسارہ
26.17ارب ڈالر رہا جوکہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3.95ارب ڈالر ( 14فیصد )کم ہے ۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے دس ماہ میں تجارتی خسارہ 30.12ارب ڈالر تھا ۔ ذرائع کے مطابق پہلے دس ماہ میں درآمدات 45.33ارب ڈالر رہیں جوکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 49.21ارب ڈالر تھیں جبکہ برآمدات رواں سال کے پہلے دس ماہ میں 19.17ارب ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برآمدات 19.09ارب ڈالر تھیں جوکہ صرف 0.38فیصد زائد ہیں ۔