لاہور( این این آئی)حکومت موبائل سیکٹر میں مختلف ممالک سے جوائنٹ ونچرکی طرف پیشرفت کرے جس سے نہ صرف پاکستان ان ممالک کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر سکتا ہے بلکہ نوجوانوں کو وسیع پیمانے پر روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے ،حکومت کو معیشت کی ترقی اور
مجموعی قومی آمدنی میں اضافے کیلئے روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ نئے شعبے بھی تلاش کرنے چاہئیں ،عالمی سطح پر تشہیر نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں کم مانگ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار موبائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والی معروف کاروباری شخصیت خوشحال خان نے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کیلئے آنے والے آئی ٹی ماہرین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جدید ٹیکنالوجی میں دنیا سے بہت پیچھے ہے اور یہی ہماری ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ اگر ہم نے خود کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا ہے تو اس کے لئے ہمیں دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا اور دنیا میں آنے والی نئی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آٹو سیکٹر نے جوائنٹ ونچر کیا ہے جو انتہائی خوش آئند ہے اس سے نہ صرف پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے بلکہ ہم اپنی گاڑیاںتیار کر کے برآمد کرنے کے بھی قابل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ موبائل کی دنیا میں اربوں ڈالر کی مارکیٹ ہے لیکن بد قسمتی سے کسی نے ابھی تک اس طرف دھیان نہیں دیا ۔ حکومت کو چاہیے کہ مختلف ممالک کے ساتھ جوائنٹ ونچر کیلئے معاہدے کرے جس سے نہ صرف ہمیں دنیا کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ ہمارے نوجوانوں کو اس شعبے میں اچھے پیکج پر روزگار کے مواقع بھی ملیں گے ۔