لاہور(این این آئی)پنجاب سیڈ کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر وحید اختر انصاری نے کہا ہے کہ آئندہ سیزن میں معیاری بیج کی فراہمی کیلئے امسال صوبہ بھر میں14لاکھ من گندم خرید کی جائے گی ،محکمے کی ترقی کے لئے ایکشن پلان تیار کر لیا گیا ہے جس پر جلد عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے امسال گندم کی خریداری کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ماہرین زراعت ،سائنسی خطوط پر بیج کی افرزائش کرنے ماہرین اور محکمے کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔اس موقع پر اعلیٰ افسران نے گندم خریداری کیلئے مختلف اضلاع کیلئے مقرر کردہ اہداف سمیت محکمے کے دیگر امو رپر بھی بریفنگ دی ۔وحید اختر انصاری نے کہا کہ امسال پورے پنجاب بھر سے گندم کی خریداری کی جائے گی آئندہ سیزن کے لئے بیج کی پروسیسنگ کے لئے 14لاکھ من معیاری گندم خریدی جائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ سیڈ کارپوریشن خانیوال سے 268600، ساہیوال سے 279700، رحیم یارخان سے 227000،پپلاں سے 144000وہاڑی سے 99500، بہاولپور سے 97000،جھنگ سے 56500، ملتان سے 66700، لاہور سے 56500، گوجرانوالہ سے 61500جبکہ سرگودھا سے 43000من گندم خرید کی جائے گی جس کے بعد اس کی سیڈ کاپوریشن کے پلانٹس پر جدید تقاضوں کے مطابق بیج کیلئے پروسیسنگ کی جائے گی۔