کراچی(این این آئی) پاکستان کے پہلے اور سب سے بڑے اسلامی بینک میزان بینک نے ریگل آٹو موبائل انڈسٹریز کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔اس معاہدے کے تحت میزان بینک ریگل آٹو موبائل کی گاڑیوں پر شریعہ کمپلائنٹ فناسنگ فراہم کرے گا جبکہ ریگل آٹو موبائل ملک بھر میں میزان بینک کے صارفین کو پرنس برانڈ کی گاڑیوں گلوری 580،K07،C37
کی فراہمی اور سروس بعد از فروخت کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائے گی۔ معاہدے پر میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس ارشد مجید اور ریگل آٹو موبائل کے چیئرمین سہیل عثمان نے دستخط کئے۔ بینک کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیئے کے مطابق ریگل آٹو موبائل حال ہی میں پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہوئی ہے جس نے ڈی ایف ایس کی (ڈونگ فنگ) گاڑیاں مقامی طورپر تیار کرنے کیلئے حکومتِ پاکستان سے باقاعدہ لائسنس حاصل کیا ہے۔واضح رہے کہ یہ گاڑیاں چین میں پرنس برانڈ کے نام سے چینی حکومت کی ملکیتی کمپنی ڈونگ فنگ کارپوریشن کے تحت تیار کی جاتی ہیں۔اس موقع پر میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس ارشد مجید نے بعد از فروخت فوائد ، گاڑیوں کی تیز ترین فراہمی اور صارفین کیلئے مواقع پیدا کرنے پر ریگل موٹرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلامک کار فنانسنگ کی صنعت میں لیڈر کے طور پر میزان بینک صارفین کو اضافی خدمات فراہم کرنے کی غرض سے ریگل آٹو موبائل انڈسٹریز جیسے نئے مینوفیکچرز کے ساتھ تندہی کے ساتھ کام کررہاہے۔ہمیں امید ہے کہ بڑی منڈیوں کی رسائی کیلئے یہ معاہدہ دونوں اداروں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔