گلگت(این این آئی)ماحولیاتی آلودگی کو روکنے کے پیش نظر ہنزہ میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی۔ہنزہ کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق گلگت بلتستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (جی بی ای پی اے) اور ہنزہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے ضلع میں پلاسٹک کی
تھیلیوں کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔نوٹس کے مطابق یہ فیصلہ پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال سے ماحول اور انسانی صحت پر پڑنے والے اثرات کی روشنی میں لیا گیا۔اس نوٹس میں دکانداروں اور پلاسٹک بیگ کا کام کرنے والے افراد کو متنبہ کیا گیا کہ وہ اس طرح کے بیگ کا پہلے سے موجود اسٹاک 20 اپریل تک ختم کردیں، اس تاریخ کے بعد بیگ کو بنانے، فروخت کرنے، خریدنے والے اور اس کا استعمال جرم تصور کیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں اور تاجر برادری کو مشورہ دیا گیا کہ وہ کاغذ اور کپڑے سے بنے بیگ کا استعمال کریں۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے اس سلسلے میں آگاہی مہم بھی شروع کردی، جس میں مختلف مقامات پر ’پلاسٹک کے تھیلوں کو نہ کہیں، آنے والی نسل کے مستقبل محفوظ کرنے کیلئے پلاسٹک بیگ کا استعمال نہ کریں، جیسے پیغام کے نوٹس آویزاں کیے گئے ہیں۔