کوئٹہ (این این آئی) ملک بھر کی طرح صوبہ بلوچستان میں بھی رمضان سے قبل مہنگائی نے شہریوں کی کمر توڑ دی ،دوکانداروں نے دودھ، گوشت اور سبزیوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا ، انتظامیہ قیمتوں میں قابو پانے میں مکمل طورپر ناکام ہوگئی ۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں بکرے کے گوشت کی فی کلو قیمت میں 50 روپے کا مزید اضافہ کردیا گیا جس کے بعد فی کلو قیمت 850 تک پہنچ گئی ،سرکاری قیمت فی کلو 650 روپے مقرر ہے۔اسی طرح سبزیوں کی قیمتوں میں بھی دوگنا اضافہ کیا جاچکا ہے، توری کی فی کلو قیمت 40 روپے کے اضافے کے ساتھ 120 روپے، ٹماٹر کی قیمت میں 20 روپے اضافے کے ساتھ فی کلو قیمت 80 روپے ہوگئی۔شملہ مرچ کی فی کلو قیمت میں 80 روپیکا اضافہ ہوا جس کے بعد فی کلو قیمت 200 روپے ہوگئی ، بھنڈی کی قیمت میں 20 روپے اضافے ہوگیا جس کے بعد یہ 180 روپے میں فروخت کی جا تی رہی ۔دودھ کی سرکاری نرخ 95 کے بجائے 110 روپے فی لیٹر میں فروخت ہو نے لگا، بعض علاقوں میں دودھ 115 روپے فی لیٹر بھی فروخت کیا جاتارہا ، اسی طرح دہی کی سرکاری قیمت 100 روپے فی کلو ہے تاہم 20 روپے اضافے کے بعد دہی 120 روپے فی کلو فروخت ہوتا رہا دوسری جانب انتظامیہ قیمتوں میں قابو پانے میں مکمل طورپر ناکام ہوگئی ۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔