کراچی (این این آئی)روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں غیر معمولی اضافے کے باعث روئی کی درآمدات میں ریکارڈ کمی جبکہ پاکستان میں روئی اور سوتی دھاگے کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان ۔چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ سوتی دھاگے اور
کاٹن پراڈکٹس کی برآمدات میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے اور پچھلے چند روز کے دوران روئی کی قیمتیں200روپے اضافے کے ساتھ 9ہزار روپے فی من جبکہ مؤخر ادائیگی پرروئی کی قیمتیں 9ہزار100روپے فی من تک پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال سندھ اور پنجاب کے فرور ی/مارچ کے دوران کپاس کاشت کرنے والے اضلاع میں درجہ حرارت پہلے کے مقابلے میں کم ہونے کے باعث ان اضلاع میں کپاس کی کاشت میں بھی دو سے تین ہفتے کی تاخیر ہونے سے کپاس کی نئی فصل کی آمد میں بھی دو سے تین ہفتون کی تاخیر واقع ہو سکتی ہے انہوں نے مزید بتایاکہ رواں سال پنجاب اور سندھ میں گنے کی کاشت میں کمی اور کپاس کی کاشت میں اضافے کی اطلاعات ہیں جس کے باعث کاٹن ائر2019 20کے دوران پاکستان میں کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ سامنے آ سکتا ہے انہوں نے بتایا کہ آئندہ چند روز کے دوران روئی کی قیمتوں میں مزید تیزی کا رجحان سامنے آنے کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔