اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں شامل کئے گئے قبائلی اضلاع میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے4 ارب روپے خرچ کریگی۔ قبائلی اضلاع کے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ترجمان کے مطابق بچیوں کی تعلیم کی شرح میں اضافہ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات میں لڑکیوں کی شرح تعلیم بڑھانے کے لئے حکومت طالبات کو خصوصی وظائف فراہم کررہی ہے۔
اسی طرح قبائلی علاقوں کے طلباء کو تعلیم کی بہتر اور معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے پرائمری، مڈل اور ہائی سکولوں کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں صوبے میں شامل کئے گئے قبائلی اضلاع میں تعلیم کے شعبہ کی ترقی کے لئے 60 منصوبے مکمل کئے گئے ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ 100 سے زیادہ پرائمری، مڈل اور ہائی سکولوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبہ پر کام تیزی سے جاری ہے۔