لاہور(این این آئی)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کرائسٹ چرچ میں سفاکانہ دہشتگردی کے بدترین واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم بالخصوص کاروباری برادری غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر
الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ معصوم لوگوں کا قتل عام مسلمانوں کے ہی نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف گھناؤنا جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ہماری دعائیں نیوزی لینڈ میں بسنے والے بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے سربراہان مملکت کو دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دینا چاہیے، اقوام متحدہ اور اسلامی ممالک کی تنظیموں کو ملکر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سنجیدگی سے کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں دہشتگردی کا یہ واقع دنیا کا امن برباد کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پیش آیا، ان دہشتگردوں کو عبرت کا نشان بنانا ضروری ہے تاکہ آئندہ کے لیے ان کی روک تھام ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فوری طور پر ایکشن لیا جائے کیونکہ اس میں تاخیر مزید نقصانات اور عالمی امن و ہم آہنگی میں بگاڑ کا باعث بن سکتی ہے۔ تاہم اب اکٹھا ہو کر دہشتگردی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے واضح حکمت عملی وضع کرنی ہو گی۔