اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بڑھتی ہوئی عالمی ادائیگیاں،پی ٹی آئی حکومت نےپانچ ماہ کے دوران 1 ارب 80 کروڑ ڈالر کا نیا قرض لیا۔ پاکستان پر کل واجب الادا بیرونی قرضے 95 ارب ڈالر تک پہنچ گئے.اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق جولائی سے نومبر کے دوران حکومت نے 1 ارب 80 کروڑ ڈالر کا قرض لیا جبکہ گذشتہ مالی سالی کے انہی پانچ ماہ کے دوران 2 ارب 80 کروڑ ڈالر قرض لیا گیا تھا۔ دنیا نیوز کے مطابق پانچ ماہ میں چین سے 75 کروڑ ڈالر، کمرشل بینکوں سے 45 کروڑ ڈالر اور اسلامک ڈویلپمنٹ فنڈ سے
ساڑھے 27 کروڑ ڈالر قرض لیا گیا، ان تمام قرضوں میں ابھی سعودیہ عرب سے ملنے والی رقم شامل نہیں ۔گذشتہ مالی سال حکومت نے 11 ارب 40 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرضہ لیا تھا، اس وقت پاکستان پر کُل واجب الادا بیرونی قرضے 95 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، جو جی ڈی پی کے31 فیصد کے برابر ہیں۔ رواں مالی سال حکومت کو 9 ارب ڈالر سے زائد کی بیرونی ادائیگیاں کرنی ہے۔معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ روش جاری رہی تو مالی سال کے اختتام پر بیرونی قرضے 105 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کرجائیں گے۔