لاہور( این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے معیشت کی ترقی میں کلیدی ادا کرنے والے شعبوں اور حکومت کے درمیان موثر رابطوں کیلئے فوکل پرسنز تعینات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آگے بڑھنے کیلئے مشاورت اور اصلاحات کو یقینی بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی دفتر میں مختلف مارکیٹوں کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تاجروں نے اپنے دیرینہ مسائل سے بھی آگاہ کیا جن کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ حکومت تاجروں سمیت دیگر شعبوں کے نمائندوں سے مشاورتی عمل سے گریزاں ہے اور راتوں رات مختلف پالیسیوں اور مختلف ٹیکسز کا نفاذ کر دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لیکن ہمارے بہت سے مسائل برسوں سے حل طلب ہیں ۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ تاجروں سمیت دیگر شعبوں کے مسائل کے حل اور موثر رابطوں کیلئے فوکل پرسنز تعینات کئے جائیں ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ کئی تجارتی مراکز میں پارکنگ نہ ہونے اورتجاوزات کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں ہیں جس کی وجہ سے تاجروں کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔اس لئے حکومت پارکنگ پلازوں کے مجوزہ منصوبے پر عملی پیشرفت کرے ۔