کراچی(این این آئی)حکومت کی جانب سے بجلی کی پیداوار کے لیے ایل این جی کے استعمال کی پالیسی کے باعث گزشتہ ماہ نومبر میں فرنس آئل کی کھپت میں58فیصد کی نمایاں کمی رہی جبکہ پٹرول اور ڈیزل کی کھپت میں بھی 18فیصد تک کی کمی ریکارڈ کی گئی۔آئل انڈسٹری ذرائع کے مطابق نومبر میں فرنس آئل کی کھپت ایک لاکھ40ہزار ٹن سے زائد رہی ،بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے بجلی گھروں کو ترجیحی بنیادوں پر ایل این
جی کے استعمال کی ہدایات دی گئی ہیں جس کے باعث فرنس آئل کی کھپت میں کمی دیکھی گئی،نومبر میں پٹرول کی کھپت 10 فیصد کمی سے 5لاکھ68ہزار ٹن کے لگ بھگ رہی ،ڈیزل کی کھپت18فیصد کمی سے 6لاکھ11ہزار ٹن سے زائد رہی ۔ پنجاب ،خیبر پختونخوا اور بارانی علاقوں میں دھند کے باعث نقل و حمل میں کمی کی وجہ سے پٹرول و ڈیزل کی کھپت میں کمی دیکھی گئی۔ہائی اوکٹین کی کھپت نومبر میں16فیصداورمٹی کے تیل کی کھپت 17فیصد کم رہی ۔