کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سی این جی اسٹیشن بند کرنے کے شیڈول میں اچانک تبدیلی کردی گئی، ہفتے کو بھی کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشن چوبیس گھنٹے کے لیے بند رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان سوئی سدرن گیس نے کہا کہ کراچی اور اندرون سندھ سی این جی اسٹیشن چوبیس گھنٹے کے لیے بند رہیں گے، صوبے میں سی این جی کی فراہمی مزید اڑتالیس گھنٹے تک بند رہے گی۔ جس کے باعث جمعہ اور ہفتے کو اڑتالیس گھنٹے کے لیے سی این جی اسٹیشن
بند رکھے جائیں گے، جمعے کو شیڈول کے مطابق سی این جی اسٹیشن پہلے ہی چوبیس گھنٹے کے لیے بند ہیں۔ سی این جی اسٹیشن کی مسلسل اڑتالیس گھنٹے بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایس جی سی کی گیس سسٹم میں اچانک پریشر میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ گھریلو صارفین کی گیس کی طلب میں اضافے کی وجہ سے کل08دسمبر بروز ہفتہ سندھ بھر میں تمام سی این جی اسٹیشنوں کو گیس سپلائی معطل رہے گی۔