لندن(این این آئی) برطانوی ماڈل اور جائیدادوں کی خرید و فروخت میں معاونت کرنے والی 33 سالہ روکسی سائکس اپنے اتارے ہوئے موزے اور جوتے فروخت کرکے ہر سال ڈیڑھ کروڑ روپیہ کماتی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے پیروں کو غیر معمولی طور پر خوبصورت قرار
دیا گیا ہے اور ان کے لاکھوں مداح ان کے موزے اور جوتے خریدتے ہیں۔جب لوگوں نے ان کے پیروں کی تعریف کی تو روکسی کو خیال آیا کہ کیوں نہ وہ اپنے خوبصورت پاؤں سے وابستہ اشیا فروخت کرکے رقم کمائے اور اس کے بعد انہوں نے بہت سستی جرابیں خرید کر چند دن پہن کر انہیں مہنگے داموں فروخت کرنا شروع کردیا۔ اب روکسی سائکس پہنی ہوئی جرابوں کا جوڑا 20 پاؤنڈ اور پسینہ بھرے جوتے 200 پاؤنڈ میں فروخت کرتی ہیں۔انسٹاگرام پر دیکھتے ہی دیکھتے ان کے 10 ہزار فالوورز جمع ہوگئے ہیں۔ اس کے بعد روکسی نے کاروبار شروع کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مہینے میں وہ 8 ہزار برطانوی پاؤنڈ یا 15 لاکھ روپے کے لگ بھگ کما لیتی ہیں۔ روکسی انسٹا گرام پر اپنے چہرے سے زیادہ پیروں کی تصاویر پوسٹ کرتی ہیں۔روکسی ایک روز پہننے کے بعد موزے فروخت کرتی ہیں اور ایک ماہ پہننے والے جوتے بیچنے کے لیے ویب سائٹس کا سہارا لیتی ہیں یہاں تک کہ ان کے پاؤں کے ایک انگوٹھے ہلانے کی ویڈیو بھی 100 ڈالر کمالیتی ہے۔