لاہور( این این آئی )ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں تین روز تک معطل رہنے سے معیشت کو تقریباً 150 ارب روپے نقصان کا تخمینہ ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مذہبی تنظیموں کے دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں کے باعث ملک بھر میں غیر یقینی کی صورتحال کی وجہ سے صنعتی اور تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہونے سے معیشت کو 150ارب روپے کا جھٹکا لگا ہے جبکہ ٹیکس وصولی میں بھی اربوں روپے کی کمی واقع ہوئی ہے ۔
ماہرین کے مطابق کاروباری سرگرمیاں معطل ہونے سے حکومت کو محصولات کی مد میں 8سے 9ارب روپے یومیہ نقصان اٹھانا پڑا ۔ بندرگاہوں پر تجارتی سرگرمیاں معطل رہنے سے تاجروں کو کروڑوں روپے ڈیمرج کی مد میں ادا کرنے ہوں گے ۔سبزی اور فروٹ منڈیاں،ادویات کی مارکیٹیں بند رہنے سے ملک بھر میں سپلائی متاثر ہوئی ۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں شاہراہیں بلاک ہونے کے باعث ٹرانسپورٹرز کو ایک ارب روپے تک نقصان کاسامنا کرنا پڑا ہے۔