اسلام آباد( آن لائن) ایف بی آر نے نوٹسز کا جواب نہ دینے والے بیرون ملک اثاثے رکھنے والے پاکستانیوں کے خلاف اسیسمنٹ آرڈرز جاری کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔ایف بی آرکے سینئر افسر نے بتایاکہ پہلے مرحلے میں برطانیہ میں اثاثے رکھنے والے پاکستانیوں کو اسیسمنٹ آرڈرجاری کیے جائیں گے اوراس کے بعد دوسرے مرحلے میں دبئی میں جائیداد رکھنے والے 300 سے زائد پاکستانیوں کو اسیسمنٹ آرڈرز جاری کیے جائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ اب چونکہ اوای سی ڈی ممبر ممالک سے معلومات
کے تبادلے کا نظام مکمل آپریشنل ہوچکا ہے اور باقاعدہ معلومات بھی ملنا شروع ہوگئی ہیں لہٰذا جس جس ملک سے پاکستانیوں کے بارے میں معلومات ملیں گی وہ متعلقہ فیلڈ آفسز کو منتقل ہوتی جائیں گی اور فیلڈ آفس قانون کے مطابق کارروائی کرتا جائے گا۔ برطانیہ میں اثاثے رکھنے والے75 سے زائدپاکستانیوں کونوٹس جاری گئے تھے اور قانون کے مطابق مزید نوٹسز جاری کرکے مواقع دیے جاچکے ہیں جن کا جواب دینے کے لیے آخری موقع کی معیاد بھی15 اکتوبر تک ختم ہونے جارہی ہے۔