لاہور(این این آئی)نان فائلرز کے خلاف کارروائیاں شروع کر دیں گئیں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مہنگی گاڑیاں خریدنے والوں کیخلاف موثر کارروائی کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے مہنگی گاڑیاں خریدنے کے باوجود گوشوارے جمع نہ کر نے پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، ایف بی آر کے ہیڈکوارٹر کی ہدایت پر پراپرٹی کی مد میں کروڑں روپے وصول کرنے والے نان
فائلرز اور ایف بی آر کے اوریجنل ٹیکس دفاتر میں گوشوارے جمع نہ کروانے اور پراپرٹی انکم اور گاڑیاں ظاہر نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے، ایف بی آر اعلامیہ کے مطابق ان میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جو کہ بڑی بزنس ٹرانزیکشنز اور ڈیلز میں شامل ہیں،یہ افراد 3000 سی سی کی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں اور ماہانہ 10لاکھ سے زائد کرائے کی آمدن میں حاصل کرتے ہیں، دوسرے مرحلے میں ایف بی آر ایسے فائلزز کو جرمانہ کرے گا جنہوں نے گزشتہ چند سالوں میں 2 کروڑ روپے کی پراپرٹی اور 1800سی سی یا اس سے زائد کی گاڑیاں خریدیں، اور اپنے گوشوارے ایف بی آر کے اوریجنل ٹیکس دفاتر میں جمع نہیں کروائے۔علاوہ ازیں ایف بی آر نے موٹر ساز کمپنیوں سے مہنگی گاڑیاں خریدنے والوں کا ریکارڈ کمرشل اور رہائشی عمارتوں کے کرایوں کی تفصیلات اکٹھی کرنے شروع کر دیں ہیں۔ واضح رہے کہ ٹیکس چوروں کیخلاف کارروائی وزیر خزانہ اسدعمر کے احکامات پر کی گئی ہے،ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ تمام ٹیکس چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، مقررہ وقت پر ٹیکس گوشوارے جمع کرا کے اپنے اثاثے قانونی بنائیں۔