کراچی(این این آئی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ میں 60 دنوں کی توسیع کر دی ہے۔ایف بی آر کے سرکلر کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ میں دو مہینے کی توسیع کی گئی ہے۔گزشتہ اعلان کے تحت
ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ30 ستمبر2018 مقررکی گئی تھی۔ حالیہ فیصلہ کے بعد اب انکم ٹیکس ریٹرن 30 نومبر تک جمع کرائے جا سکیں گے۔مجموعی طورپراب تک ریٹرن فائل کرنیوالوں کو تین ماہ کا ریلیف دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی ڈیڈ لائن 31 اگست میں توسیع کرتے ہوئے اسے 30 ستمبر کیا گیا تھا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے اعلان کردہ تاریخوں کے بعد مختلف حلقوں کی طرف سے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ایف بی آر کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع کی جائے۔ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ریٹن فائنل کرنے کے عمل کی پیچیدگی اور حالیہ تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ حتمی تاریخ میں توسیع کی جائے۔ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا معاملہ ماضی میں بھی ہوتا رہا ہے۔ محصولات کے اعدادوشمار کے مطابق حتمی تاریخ کی توسیع فائلرز کی تعداد میں اضافہ کا سبب بنتی ہے۔