لاہور( این این آئی )حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں کے حوالے سے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کے احکامات جاری کر دئیے ۔ اس حوالے سے جاری مراسلے میں اوگرا سے کہا گیا ہے کہ پروڈیوسرز کی ایل پی جی کی پیداواری لاگت ، ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈسٹری بیوشن کے مارجن کا جائزہ لینے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے اور اس حوالے سے جامع رپورٹ جمع کرائی جائے ۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن کے مطابق رواں سال جون، جولائی، اگست میں لوکل
پروڈیوسرز کی من مانیوں کی وجہ سے قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح 210 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 2500روپے کی حدود بھی عبور کر گئی جبکہ گزشتہ سال جون، جولائی اوراگست میں زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 80 سے 85 روپے اور گھریلو سلنڈر 900 سے 1100 روپے عام صارفین کو دستیاب رہا ہے۔ علاوہ ازیں ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے ایل پی جی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی یقین دہانی کے بعدملک گیر شٹر ڈان ہڑتال کی کال 5 اکتوبر تک موخر کر دی ہے۔