کراچی (نیوز ڈیسک) گستاخانہ خاکوں کے تنازعہ کے بعد ہالینڈ کی ایک کمپنی نے پاکستان میں سٹیل کے شعبے میں کروڑوں کی سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، ایک موقر انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق آل پاور سالوشن نامی یہ کمپنی کراچی میں 49 کروڑ روپے کی لاگت سے ہیوی میٹل سٹیل پلانٹ لگانے کی خواہش مند ہے۔ ہالینڈ کے سفارتخانے کے ایک عہدیدار کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کمپنی کی یہ پیشکش فی الحال ابتدائی مرحلے میں ہے، جس کے متعلق زیادہ تفصیلات نہیں دی جا سکتیں تاہم آل پاور سالوشن
کمپنی یہ پلانٹ ایک مقامی کمپنی کے اشتراک سے لگائے گی۔ رپورٹ کے مطابق ہالینڈ کی کئی دیگر کمپنیاں بھی پاکستان کی مقامی کمپنیوں کے اشتراک سے یہاں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آل پاور سالوشن بنیادی طور پر پاور پلانٹ مینجمنٹ کے شعبے میں کاروبار کرتی ہے مگر وہ پاکستان میں سٹیل کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہالینڈ کے سفارتی عہدیدار نے مزید بتایا کہ کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں نے پاک چین اقتصادی راہداری میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔