اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) تشکیل دے دی۔ کابینہ ڈویژن نے ‘ای سی سی’ کی تشکیل کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی 12 ارکان پر مشتمل ہو گی، جس کے چیئرمین وزیر خزانہ ہوں گے۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں مواصلات، قانون، توانائی، پیٹرولیم، منصوبہ بندی، نیشنل فوڈ سیکیورٹی، نجکاری، ریلوے، شماریات اور آبی وسائل کے
وزراء شامل ہیں۔ تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار و سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری کے مشیروں کو بھی ای سی سی کا ارکان مقرر کیا گیا ہے مواصلات، توانائی، نیشنل فوڈ سیکیورٹی، نجکاری، شماریات اور آبی وسائل کے وزراء تاحال مقرر نہیں کیے گئے ہیں، لہٰذا کمیٹی کے 6 اراکین وفاقی وزراء مقرر ہونے پر ای سی سی کا حصہ بنیں گے۔ وزیر خزانہ و کمیٹی چیئرمین اسد عمر نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس 29 اگست کو طلب کر لیا ہے، جس میں پانچ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔