کراچی (این این آئی) دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے مواقع اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے تھائی لینڈ کی تین روزہ نمائش یکم ستمبرسے کراچی کے پرل کانٹی نینٹل ہوٹل میں شروع ہو گی جس میں تھائی لینڈ کے مختلف کاروباری شعبوں کی مصنوعات اور ٹیکنالوجی نمائش کے لیے موجود ہو گی۔یہ نمائش تھائی لینڈ کی وزارت تجارت کے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن کی جانب سے رائل تھائی قونصلیٹ جنرل کراچی کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے۔ نمائش کا انتظام ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل کی جانب سے کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل و ایونٹ منیجر راشدالحق کے مطابق تھائی کمپنیاں 10 سے زائد شعبوں میں اپنی
مصنوعات کی نمائش کریں گی۔ ان مصنوعات میں فوڈز اینڈ بیوریجز، ہوم ٹیکسٹائلز، ہیلتھ اینڈ بیوٹی، ہارڈوئیر، مشینری، ہاؤس ہولڈ آئٹمز، فٹ وئیر، پارٹی ایکسیسریز، جیولری کلینر، الیکٹریکل اپلائنسز و دیگر شامل ہیں۔ اس نمائش کا مقصد دونوں دوست ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تجارت و تعاون بڑھانا ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے بزنس کمیونٹی کو باہمی ترقی کے مواقع فراہم کرنے میں ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشنز، رائل تھائی گورنمنٹ انتہائی سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔ راشدالحق نے امید ظاہر کی کہ یہ نمائش تھائی لینڈ اور پاکستان کے سرمایہ کاروں کے لیے نئے کاروباری مواقع اور مارکیٹس کی تلاش میں مددگار ہو گی۔