کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے آخری روز مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اور بینچ مارک ‘کے ایس ای 100 انڈیکس’ 485 پوائنٹس اضافے سے 42 ہزار 446 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے انتخاب سے قبل حصص مارکیٹ میں، جہاں گزشتہ روز تقریباً 700 پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی، کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان رہا اور پہلے ہی گھنٹے میں انڈیکس میں 450 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ کاروبار کے دوسرے سیشن میں انڈیکس میں ایک موقع پر 577 پوائنٹس کا
اضافہ بھی دیکھنے میں آیا، تاہم کاروبار کے اختتام پر انڈیکس کی یہ سطح کم ہو کر 485 پوائنٹس (1.16 فیصد) پر آگئی۔ مجموعی طور پر 11 کروڑ 18 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا جن کی مالیت 6 ارب 10 کروڑ روپے رہی۔ کمپنیوں کے انفرادی کاروباری میں بینک آف پنجاب 3 کروڑ 90 لاکھ حصص کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، ورلڈ کال ٹیلی کام لمیٹڈ 84 لاکھ حصص کے ساتھ دوسرے، یونیٹی فوڈز لمیٹڈ 74 لاکھ حصص کے ساتھ تیسرے، اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ 65 لاکھ حصص کے ساتھ چوتھے جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کارپوریشن لمیٹڈ 62 لاکھ حصص کے ساتھ پانچویں نمبر پر تھیں۔